کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سفاری پارک میں پہلی فلائی زیپ لائن کا افتتاح کردیا۔
جلد ہی سفاری پارک میں ہارس رائیڈنگ بھی شروع کی جا رہی ہے، کراچی کا پہلا ڈائنو سفاری پارک تعمیر کیا تھا۔
انہوں نے زیپ لائن کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیپ لائن کو بین الاقوامی طرز پر فعال کیا گیا ہے۔
کراچی والے آئیں اور اپنے بچوں کے ساتھ اس سے لطف اندوز ہوں ، مجھے تو زیپ لائن کے ذریعے اڑنے میں مزہ آیا۔
سفاری پارک ایک زمانے میں تباہ حالی کا شکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے قبل فیڈرل بی ایریا میں اقبال پارک کا افتتاح کیا گیا تھا۔
کل شیر پائو کالونی لانڈھی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹار اسپورٹس کمپلیکس کو شہریوں کے لئے کھولا گیا ہے۔
ہماری کوشش ہے کہ پانچ مزید پلے گرائونڈ اور پارکس تعمیر کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جس میں فیملی کے افراد آسانی سے گھروں سے نکل سکیں۔
سمندرکا نظارہ کرسکیں ، شہر کے اندر جو ڈیم بنائے گئے ہیں انہیں دیکھ سکیں اور پرسکون ماحول میں تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکیں ۔
انہوں نے کہا کہ سفاری پارک میں جلد ہی ایک کینٹین بھی بنائی جا رہی ہے جبکہ گوایش ایریا کو بھی درست کررہے ہیں ۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ گزشتہ روز آگ کے واقعہ کے دوران ایک افسوس ناک واقعہ بھی پیش آیا جسے دیکھ کر دلی افسوس ہوا ۔
