کراچی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے آج سوک سینٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی کے ہمراہ ادارے کے مختلف دفاتر ، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور ریکارڈ روم کے معائنے سمیت ملازمین و افسران سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر افسران و ملازمین کی غیر حاضر ی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کے تمام غیرحاضر اور دیر سے آنے والے افسران و ملازمین کو وارننگ لیٹر جاری کردیئے جائیں جبکہ غیر حاضر اور دیر سے آنے والے افسران و ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے اور ادارے میں بایو میٹرک سسٹم کا نفاذ کیا جائے۔
وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کے غیر حاضر ملازمین و افسران کے خلاف کارروائی کرکے ادارے کی بہتری اور شہریوں کے مفاد میں بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔سعید غنی نے کہا کہ عہدوں پر وہی رہے گا جو کام کرے گا، افسران کام ٹھیک کریں گے توماتحت عملہ بھی خود ہی کام کرے گا۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ افسران و ملازمین میرے دورے کو اپنے لیئے وارننگ سمجھیں، آئندہ بھی 9بجے صبح آکر حاضری چیک کرتا رہوں گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے بایو میٹرک سسٹم کے نفاذ کے احکامات جاری کرتے ہوئے سیکریٹری کے ڈی اے فضیل بخاری اورڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی کوپابند کیا کے تمام افسران و ملازمین کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری رجسٹر چیک کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
ڈائریکٹر جنرل سمیع الدین صدیقی کا مزید کہنا تھاکہ تمام متعلقہ محکمہ کے افسران و ملازمین دفتری امور کی انجام دہی اور حاضری کو سو فیصد یقینی بنائیں۔دورے کے دوران وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے ہمراہ ڈی جی کے ڈی اے سمیع الدین صدیقی، چیف انجنیئر رام چند، سیکریٹری کے ڈی اے فضیل بخاری ، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال صدیقی، پی ایس ٹو ڈی جی کے ڈی اے ریاض احمد راشد میڈیا کو آرڈینیٹر اکرم ستار اور دیگر افسران موجود تھے۔
