پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا گذشتہ روز یوم دفاع و شہداء پاکستان کی جی ایچ کیو میں منعقد کی جانے والی مرکزی تقریب میں منفرد انداز دیکھنے میں آیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ بلاول بھٹو تقریب میں شریک مہمانوں اور بچوں سے مصافحہ کر رہے ہیں اور ان سے خوش اخلاقی سے پیش آ رہے ہیں۔
جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے کئی مہمانوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اور وہاں موجود آرمی جوانوں سے بغل گیر بھی ہوئے۔ بلاول بھٹو زرداری کی سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ملنسار ہیں ، یہی وجہ ہے کہ ان میں ان کی والدہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔(
سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو کے اس منفرد انداز کو خوب سراہا گیا۔
بے نظیر بھٹو شہید بھی عام عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتی تھیں اور ہمیشہ عوام میں گھُل مل جاتی تھیں اور اب ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی والدی ہی کی طرح عوام میں گھُل مل جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو زرداری کی وائرل ہونے والی ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
یاد رہے کہ گذشتہ روز ملک بھر میں یوم دفاع و شہداء پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
یوم دفاع و شہداء پاکستان کے حوالے سے مرکزی تقریب پاک فوج کے ہیڈکوارٹر ( جی ایچ کیو) میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ اور نیول چیفس، وفاقی وزراء، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں،عسکری حکام، شہداء کے لواحقین، شوبز اور اسپورٹس سے وابستہ افراد کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد شرکاء کو پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں پر بنائی گئی مختصر دستاویزی فلم دکھائی گئی جسے دیکھ کر وزیراعظم عمران خان سمیت کئی شرکا آبدیدہ ہو گئے۔ تقریب میں مختلف ٹیبلوز پیش کیے گئے اور ملی نغمے بھی گائے گئے۔
