اسلام آباد ہائی کورٹ میں پشتون تحفظ موومنٹ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں پاک فوج سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا معاملہ دیکھا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر نے درخواست پر سماعت کی، دورانِ سماعت استغاثہ کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق نے عدالت کو کہا کہ پی ٹی ایم رہنماؤں محسن داوڑ، علی وزیر اور منظور پشتین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے جائیں، پی ٹی ایم کوئی رجسٹرڈ جماعت نہیں لہذا اس پر فوری پابندی عائد کی جائے۔
بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے، پیمرا پی ٹی ایم کی کوریج کے حوالے سے اپنے قوانین پر عمل درآمد نہیں کر سکا، پی ٹی ایم کی کوریج پر پرنٹ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ، دفاع، قانون و انصاف، پیمرا اور پی ٹی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ منظور پشتین، محسن داوڑ اور علی وزیر کو بھی نوٹس جاری تحریری جواب طلب کی اور سماعت کو دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا۔
