اوئن مورگن نے کینسر میں مبتلا بچوں کو کٹ تقسیم کردی

شارجہ: اگلش کپتان اوئن مورگن نے اپنی کرکٹ کٹ فروخت کر کے اُس سے حاصل ہونے والی رقم  شوکت خاتم میموریل کینسر اسپتال کے زیر علاج بچوں میں تقسیم کردی۔

تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان اور پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے مورگن نے گزشتہ روز میچ کے اختتام کے بعد شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال میں زیر علاج کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں کو کٹ بیگ تقسیم کئے۔

انگلش کپتان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میری نیک خواہشات ان بہادر بچوں کے ساتھ ہیں، پشاور زلمی آپ لوگوں سے محبت کرتی ہے۔

مورگن نے کٹ بیگ تقسیم کرنے کے ساتھ بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ یاد رہے کہ انگلش کپتان گزشتہ روز پی ایس ایل میں اپنا آخری میچ کھیل رہے تھے، اب وہ دورہ ویسٹ انڈٰیز کی وجہ سے پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

مورگن نے پی ایس ایل سیزن ٹو میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پشاور زلمی نے دو میچ میں فتح حاصل کی ہے جبکہ اسے تین میں شکست کا سامنا رہا، مورگن نے مذکورہ میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کی فرنچائز نے کینسر سے متاثرہ 20 بچوں کو دبئی میں مدعو کیا تھا۔

رپورٹ : نعمان ناصر

اپنا تبصرہ بھیجیں:

اپنا تبصرہ بھیجیں