کراچی: شہر قائد کے جناح اسپتال میں زیر علاج نگلیریا کا 21 سالہ مریض انتقال کرگیا۔ جناح اسپتال کی ایم ایس اور ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ 21 سالہ انیس اسلم کا تعلق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ہے اُسے تیز بخار کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال کا یہ پہلا نگلیریا وائرس کا کیس ہے۔ دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شہری دوبارہ نیگلیریاکاشکارہو سکتےہیں، نگلیریا پانی میں موجودبیکٹیریا کی وجہ سےہوتاہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس کراچی میں نگلیریا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چالیس سالہ پرویز نجی اسپتال میں چل بسا تھا جبکہ محکمہ صحت نے نگلیریا سے ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی، شہر قائد میں 2018 کے دوران وائرس کی وجہ سے 6 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔
نگلیریا کیا ہے؟
نگلیریا ایک ایسا امیبا ہے، جو اگر ناک کے ذریعے دماغ میں داخل ہوجائے تو دماغ کو پوری طرح چاٹ جاتا ہے، جس سے انسان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ نگلیریا سوئمنگ پول، تالاب چھت اور زیر زمین پانی کی ٹینکیوں میں پیدا ہوتا ہے۔
شدید گرمی نگلیریا کی افزائش کا سبب بنتی ہے، نگلیریا سے بچنے کیلئے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار ضروری ہے۔
