طارق میر نے لندن پراپرٹی عمران فاروق کی اہلیہ کو دینے سے انکار کردیا

متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے سابق فنانس سیکرٹری سید احمد طارق میر نے ایم کیو ایم کے بانی کے الزمات مسترد کرتے ہوئے لندن کا فلیٹ عمران فاروق کی اہلیہ کے حوالے کرنے سے صاف انکار کردیا۔
جیونیوز کے نمائندے مرتضیٰ علی شاہ سے بات کرتے ہوئے طارق میر نے بانی ایم کیو ایم کے یہ الزامات مسترد کیے کہ انھوں نے سوسائٹی فار ان ویل اینڈ نیڈی (سن) چیرٹی کے نام پر خریدے گئے فلیٹ پر قبضہ کر رکھا ہے اور طارق میر نے یہ پراپرٹی رہائش کیلئے شمائلہ عمران فاروق کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے۔
ایم کیو ایم کے بانی نے اپنی حالیہ تقریر میں الزام عائد کیا تھا کہ طارق میر نے مبینہ طورپر برنٹ اوک براڈوے کے نزدیک ہسپتال کے بالمقابل واقع سن چیرٹی کے فلیٹ پر قبضہ کر رکھا ہے۔ طارق میر نے کہا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز کے چیرٹیز سے متعلق قوانین کے تحت کسی چیرٹی کے نام خریدی گئی املاک کو کسی فرد کے نام منتقل نہیں کیا جاسکتا اور اسے فلاحی مقاصد کے علاوہ کسی اور مقصد کیلئے استعمال بھی نہیں کیا جاسکتا۔
طارق میر نے کہا ہے کہ الطاف حسین جس فلیٹ کے بارے میں بات کر رہے ہیں، وہ بہت چھوٹا ہے اور فیملی کیلئے مناسب نہیں ہے، کیونکہ یہ دکانوں کے اوپر ہے اس لیے جگہ غیر محفوظ ہے، الطاف حسین کے یہ الزامات طارق میر کی جانب سے شمائلہ عمران فاروق کا کیس ایک مقامی عدالت میں لے جانے کے بعد سامنے آئے ہیں، جس میں عدالت کو بتایاگیا ہے کہ وہ 221 وہٹ چرچ لین کی پراپرٹی شمائلہ فاروق اور ان کے 2 بیٹوں کو منتقل کرنا چاہتے ہیں۔
لندن: طارق میر اور محمد انور انکاری، متحدہ رہنما 2 ملین پاؤنڈز کی پراپرٹی واپس لینے کے لیے کوشاں
ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ ان دنوں ایک کمرے کے فلیٹ میں اپنے 2 بیٹوں کے ساتھ مقیم ہیں۔ انھیں کینسر ہے ، بیوہ عمران فاروق نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ ایم کیو ایم لندن یا پاکستان کے کسی بھی دھڑے ان کی عملی کوئی مدد نہیں کی اور دونوں گروہ صرف بیانات دے کر ہی گزارا کرتے ہیں۔
عمران فاروق کی بیوہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد پر زندگی بسر کررہی ہیں اور ان کے دونوں بیٹے عالی شان اور وجدان سرکاری اسکول میں زیر تعلیم ہیں۔
پاک سرزمین پارٹی کے مصطفیٰ کمال نے شمائلہ اور ان کے بیٹوں کی حمایت کرتے ہوئے ان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن ایم کیو ایم پاکستان اس معاملے پر تاحال بالکل خاموش ہے۔ 10سال قبل عمران فاروق کو قتل کئے جانے کے وقت الطاف حسین نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ اور ان کے بچوں کی عمر بھر کفالت کریں گے، اگرچہ لندن کی 8 قیمتی پراپرٹیز الطاف حسین کے کنٹرول میں ہیں لیکن انھوں نے شمائلہ عمران فاروق کو پناہ دینے سے انکار کیا جبکہ مخصوص نشستوں پر منتخب کی جانے والی ایم کیو ایم کی سابق رکن سندھ اسمبلی شمائلہ فاروق گزشتہ 10سال سے انتہائی کسمپرسی کی حالت میں خاموشی سے زندگی گزارا کر رہی ہیں۔
پہلے گرپڑنے کی وجہ سے انھیں فریکچر ہوگیا تھا اور اب وہ کینسر کے سنگین مرض میں مبتلا ہیں۔ وہٹ چرچ لین میں، جہاں ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے ارکان رہتے ہیں۔ طارق میر اور محمد انور کی ان کے اپنے نام پر دو پراپرٹیز ہیں لیکن انھوں نے یہ دونوں پراپرٹیز الطاف حسین کے نام منتقل کرنے سے انکار کردیا ہے۔
