کراچی: جیو نیوز کی جانب سے برطرف کیے جانے کے بعد بیورو چیف فہیم صدیقی نے اپنا ردعمل جاری کردیا۔
صحافتی تنظیموں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فہیم صدیقی نے کہا کہ ’میں حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، جیو انتظامیہ ملازمت سے برطرف کر کے مجھے جھکا نہیں سکتی اور نہ ہی میری آواز بند کراسکتی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا اور ایک انچ بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
صحافتی تنظیموں کے اجلاس میں جیو کی جانب سے جبری برطرفی کی شدید مذمت کی گئی جبکہ فہیم صدیقی سے اظہار یکجتی اور انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔
فہیم صدیقی کی برطرفی پر صحافتی تنظیموں کا احتجاجی تحریک اور قانونی جنگ شروع کرنے کا اعلان
اجلاس میں طے پانے والے شیڈول کے مطابق احتجاج کا سلسلہ 9 مئی سے شروع ہوگا، پہلے مرحلے میں جنگ جیو کے دفتر کے باہر احتجاج کیا جائے گا اور ساتھ ہی پریس کلب سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی بینرز لگائے جائیں گے۔
اس سکے بعد اگلے مرحلے میں تیرہ مئی کو جیو نیوز کے دفتر کے باہر صحافی، میڈیا ورکرز اور سول سوسائٹی کے نمائندے دھرنا دیں گے۔
دوسری جانب فہیم صدیقی کی جبری برطرفی کیخلاف سماجی رابطے کی سائٹس پر بھی احتجاج ہوا، جس میں صارفین نے فہیم صدیقی کی بحالی کے لیے ہیش ٹیگ #RestoreFahimSiddiqui چلایا اور انتظامیہ سے فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔