لاہور: صفِ اوّل کی اداکارہ ماہرہ خان دوسری بار ر شتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں اس بات کی تصدیق ا ن کے بھائی حسان خان نے سوشل میڈیا اکائونٹ کے ذریعے کی ۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پرماہرہ خان کے بھائی حسان خان اور ان کی منیجر انوشے طلحہٰ خان نے اداکارہ کی شادی کی پہلی جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔
ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم سے شادی کر لی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔
شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں ماہرہ خان اور سلیم کریم کے قریبی دوست اور رشتے دار شریک ہوئے۔
اس سے قبل 2007ء میں اداکارہ ماہرہ خان کی پہلی شادی علی عسکری سے ہوئی تھی جو 2015ء میں طلاق پر ختم ہوئی، ان کی پہلی شادی سے ایک 13 سالہ بیٹا ہے۔
شو بز سے ملنے والی ایک اور خبر کے مطابق نامور اداکارعمران اشرف نے کہا ہے کہ جو والدین اپنی جان چھڑانے کے لئے بچوں کو موبائل فون اور ٹیب پکڑا دیتے ہیں وہ نہ صرف اپنے بچوں سے بلکہ اپنے آپ سے بھی دشمنی کر رہے ہیں اور انہیں اس کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں۔اپنے بیان میں عمران اشرف نے کہا کہ اب ہر گھر میں یہ ہو رہا ہے کہ بچہ روتا ہے تو اسے موبائل فون یا ٹیب تھما دیا جاتا ہے جس پر وہ گھنٹوں مشغول رہتا ہے ، اس کی وجہ سے بچے مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچہ رونے سے ہرگز کمزور نہیں ہوتا اس لئے بچوں کو چپ کرانے کے لئے موبائل یا ٹیب تھمانے کی بجائے کھانے پینے کی جانب راغب کیا جائے ، کھلونوں سے کھیلنے کی عادت ڈالی جائے ۔
علاوہ ازیں شوبز کو خیر باد کہنے والی رابی پیرزادہ نے اپنے ہاتھ سے قرآن مجید کے 22پارے لکھ لئے ۔رابی پیرزادہ نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد فن خطاطی اور مصوری کے ساتھ ساتھ مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کئے تھے ۔اس دوران رابی پیرزادہ دین کی جانب بھی راغب ہو ئیں ۔رابی پیرزادہ نے تین سال قبل ہاتھ سے قرآن مجید لکھنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک وہ 22پارے لکھ چکی ہیں ۔رابی پیرزادہ نے کہا کہ خدا کی ذات کی توفیق سے 22پارے مکمل کر چکی ہوں اور ان شا اﷲ جلد8پارے مکمل کر لوں گی جس کے بعد اسے لوگوں کے سامنے پیش کروں گی ۔