کراچی : جامعہ کراچی میں مسلح افراد نے داخل ہوکر عمارت پر قبضہ کر کے طلبہ و طالبات کو ہراساں کیا ہے۔
مذکورہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی پشت پناہی مبینہ طور پر پیپلزپارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔
مسلح افراد نے ویژول اسٹیڈیز کی عمارت پر قبضہ کیا اور اس دوران طالب علموں کو اسلحہ لہرا کر ہراساں بھی کیا، اس دوران یونیورسٹی میں سیکیورٹی پر تعینات عملہ اور رینجرز کی غیر حاضری پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
سردار یاسین ملک اسکول کے نام سے قائم اس نئی عمارت میں حال ہی میں یونیورسٹی کا شعبہ ویژول اسٹڈیز کا آرکیٹکچر ڈپارٹمنٹ منتقل کیا گیا تھا، طلبا کی تدریس شروع ہوچکی تھی اور پریکٹیکل کلاسز بھی جاری تھیں۔
اسلامی جمعیت طلبا نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افراد کے پیچھے پیپلزپارٹی کے مبینہ طور پر ملوث ہونا افسوس ناک ہے۔ جامعہ کراچی کی زمین پر اسلحہ کے زور پر قبضہ کرنے کی کوشش اور طلبہ و طالبات کی بے دخلی ناقابل برداشت عمل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کا تعلیمی ماحول کسی کو خراب نہیں کرنے دے گی انشاءاللہ۔