احمد آباد: ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرکے 7 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 12 ویں میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی۔ چھ کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ پوری ٹیم 42.4 اوورز میں محض 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عبداللہ شفیق 20 ،امام الحق 36 ،سعود شکیل 6افتخار احمد م4شاداب خان 2محمد نواز 4حسن علی 12 اور حارث رؤف 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم نے 50اور محمد رضوان 49 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا نے نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کا 193 رنز کا ہدف بھارت نے 30.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شبمن گل اور ویرات کوہلی 16، 16، روہت شرما 86 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔شیرس ایر 53 اور کے ایل راہول 19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار بولنگ پر جسپریت بمراہ میں آف دی میچ قرار پائے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت سے شکست کا ملبہ مڈل آرڈر پر ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیم نے آغاز اچھا کیا تھا لیکن ہم آخر میں اچھا نہیں کھیلے، دراصل ہماری مڈل آرڈر میں بیٹنگ نہیں چل سکی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ ہم سمجھے تھے کہ 280 رنز تک کا ہدف ملے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آج کا میچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ہوم ایونٹ لگا، پاکستان کے لیے نعرے کم ہی لگائے گئے۔