کشمیریوں پرمظالم انسانیت کیلئے شرمندگی ہے،ڈاکٹرعراقی، جامعہ کراچی میں واک

کراچی : جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالدمحمودعراقی نےکہاکہ بھارت نےگزشتہ 75برس سےکشمیریوں پرمظالم ڈھائے ہوئے ہیں جو انسانیت کے لئےشرمندگی ہے،اتنی ظلم اوربربریت کے باوجود بھی وہ نہ ہی کشمیریوں کےعزم وہمت کامقابلہ کرسکااور ان نہ ہی ان کےحوصلے پست کرسکا،بھارتی ظلم وبربریت کےخلاف پوراپاکستان کشمیر کے ساتھ ہے،بھارت کے متعصبانہ اور انسانیت سوز رویے سےنہ صرف مسلمان بلکہ بھارت میں رہنےوالی دیگر اکائیاں بھی ظلم وبربریت کاشکارہیں۔بھارت ظلم وستم اور طاقت کے زورپرکشمیریوں کوآزادی سےمحروم نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ جمہوریت کا راگ الاپنےوالے بھارت میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں ہے جس کامنہ بولتاثبوت بی بی سی کی جانب سے گجرات فسادات کےحوالے سے بنائی جانےوالی ڈاکومینٹری پر بھارت میں پابندی ہے کیونکہ بھارت کےموجودہ وزیر اعظم نریندرمودی ہی گجرات فسادات کےمرکزی کردارتھے۔

ان کاکہنا تھاکہ بھارت کی پالیسیاں ظلم اور بربریت سے بھری ہوئی ہیں اور بھارت کے موجودہ وزیر اعظم نریندرمودی کی پالیسیوں نے انسانیت کاسرشرم سےجھکادیا ہے،کشمیرمیں بھارت کی طرف سے ہونے والے مظالم پر ساری دنیاکو شرمندہ ہوناچاہیے اور انسانی حقوق کےعلمبرداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نےجامعہ کراچی میں انتظامی عمارت کی سبزہ زار پر یوم یکجہتی کشمیرکی مناسبت سےمنعقدہ تقریب اور واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔واک جامعہ کراچی کی انتظامی عمارت تاآزادی چوک کی کئی جس میں روئسائے کلیہ جات،صدورشعبہ جات،اساتذہ ،طلباوطالبات ،انتظامی عملےکی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔

اس موقع پر طلباوطالبات نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اُٹھائے ہوئےتھے جس پر کشمیرکی آزادی ،ان کے حقوق اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ڈاکٹرخالدعراقی نےمزیدکہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ،بلکہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے،میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ جوقومیں آزادی کے لئے جدوجہد کرتی ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں آزادی نصیب فرمادیتے ہیں۔ہمیں صرف یوم کشمیرمنانےتک محدود نہیں ہوناچاہیے کہ بلکہ کشمیرکی آزادی کے لئےدنیا کے ہر فورم پر آوازاُٹھانے کی ضرورت ہے۔

طلبہ کو کشمیر اور اس کی تاریخ کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنی چاہیے تاکہ ہماری نئی نسل کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہو کہ کشمیر کا مسئلہ ایک تاریخی مسئلہ ہے اوروہ اپنے حقوق اورآزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: