امریکی ریاست ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ، پاکستانی طالبہ سمیت 10 ہلاک

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل ہے۔کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا اسکالر شپ پروگرام کے تحت امریکا پڑھنےگئی تھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں ایک طالب علم نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی درجنوں گاڑیوں اور 3 ہیلی کاپٹرز نے اسکول کو گھیر لیا۔

بعدازاں مقابلے کے بعد 17 سالہ حملہ آور سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار  حملہ آور کی شناخت دمتریوز پیگورٹزس کے نام سے ہوئی ہے، جو سانتافے اسکول کا ہی طالب علم ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد 2 مقامات پر تلاشی لی گئی جہاں سے مزید دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

‘حملہ آور خودکشی کرنا چاہتا تھا’

دوسری جانب حملہ آور طالب علم کے زیر استعمال ایک ڈائری سے معلوم ہوا ہے کہ وہ خودکشی کرنا چاہتا تھا مگر اس کی ہمت نہ کر پایا۔

گورنر ٹیکساس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے طالب علم نے اپنے والد کی بندوق استعمال کی، ملزم نےخود کو پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

پاکستانی طالبہ کی ہلاکت کی تصدیق

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: